Sunday, September 8, 2024

امریکا نے شمالی کوریا پر ایٹمی حملے کی دھمکی دے دی

امریکا نے شمالی کوریا پر ایٹمی حملے کی دھمکی دے دی
September 4, 2017

پیانگ یانگ (92 نیوز) شمالی کوریا کے جوہری تجربے پر امریکا اور برطانیہ کا شدید ردعمل۔ امریکا نے شمالی کوریا پر ایٹمی حملے کی دھمکی دے دی۔ برطانوی وزیر اعظم کا شمالی کوریا پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ، روس اور چین نے جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ مسئلے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہو گا۔

امریکا نے شمالی کوریا پر ایٹمی حملے کی دھمکی دے دی۔ امریکی صدارتی محل وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے دھمکانے کا سلسلہ جاری رکھا تو ایٹمی صلاحیت استعمال کر سکتے ہیں، اپنا اور اتحادیوں کا ہر حال میں دفاع کرینگے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو ممالک شمالی کوریا سے بزنس جاری رکھیں گے امریکا ان سے اپنے کاروباری تعلقات ختم سمجھے گا۔

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ امریکا اور اتحادیوں کےخلاف اقدام پر شمالی کوریا کو بھرپور فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا جو انتہائی موثر اور زبردست ہو گا شمالی کوریا کی مکمل تباہی نہیں چاہتے لیکن فوجی کارروائی کی کئی آپشنز موجود ہیں۔

برطانوی وزیر اعظم نے بھی شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم کے تجربے کو انتہائی جارحانہ اقدام قرار دے دیا۔۔تھریسا مے کہتی ہیں کہ پیانگ یانگ کو ایٹمی تجربات سے روکنے کے لیے دباؤ مزید بڑھایا جائے۔

خبر ایجنسی کے مطابق چین میں جاری برکس اجلاس میں روس اور چین نے جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے فیصلے پر اتفاق کیا ہے۔

جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق شمالی کوریا نے ایک اور بین البراعظمی میزائل کے تجربے پر کام شروع کر دیا ہے۔جبکہ حالیہ تجربے کے بعد جنوبی کوریا نے ہنگامی فوجی مشقیں بھی شروع کر دی ہیں۔

ان مشقوں کے دوران جنوبی کوریا نے بیلسٹک میزائل کے تجربات بھی کئے ہیں۔مسئلے کی سنگینی اور خطے کی تیزی سے تبدیل ہوتی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی آج ہو رہا ہے۔