Sunday, September 8, 2024

امریکا نے روس کیخلاف نئی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی تیاریاں شروع کر دیں

امریکا نے روس کیخلاف نئی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی تیاریاں شروع کر دیں
April 16, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) شام پر فضائی کارروائی کے بعد امریکا نے روس کیخلاف نئی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں جس کا اعلان آج کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ  میں امریکا کی مستقل مندوب نکی ہیلی نے کہا کہ پابندیاں اُن کمپنیوں پر لگائی جائیں گی جنہوں نے کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری میں اسد حکومت کی مدد کی ۔ نکی ہیلی نے واضح کیا کہ جب تک امریکا تمام مقاصد حاصل نہیں کر لیتا وہ شام سےاپنی فوج نہیں نکالے گا ۔ ادھر کریملن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے ایرانی ہم منصب حسن روحانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں شام کی تازہ ترین صورتحال پر بات کی گئی ۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اتحادی ممالک نے کارروائی کر کے شامی تنازع کیلئے کی جانے والی کوششوں کو شدید نقصان پہنچایا ۔ ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ اگر یو این چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ اقدام دہرایا گیا تو اس سے بین الاقوامی تعلقات میں افراتفری کی صورتحال پیدا ہو گی ۔ دوسری طرف فرانسیسی صدر عمانوئیل میکخواں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ٹرمپ کو حملوں کو کیمیائی ہتھیاروں کے مقامات تک محدود رکھنے پر قائل کیا۔ صدر ٹرمپ کو یہ بھی کہا کہ امریکا کو شام میں زیادہ دیر تک قیام کرنا چاہیے ۔ ادھر شامی فضائیہ کی جانب سے صوبہ حمص، لتاکیا، حما اور ادلب میں باغی گروپ تحریر الشام کے ٹھکانوں پر پچاس فضائی حملے  کیئے گئے جن میں متعدد باغیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں ۔