Tuesday, April 23, 2024

امریکا نے بھارت جانے والے اپنے شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی

امریکا نے بھارت جانے والے اپنے شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی
March 12, 2019
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکا نے بھارت جانے والے اپنے شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے بھارت میں زیادتی کے واقعات عروج پر ہیں ، امریکی خواتین اکیلے سفر نہ کریں۔ بھارت کا شمار اُن ممالک میں ہوتا ہے جہاں جنسی زیادتی کے سب سے زیادہ واقعات رونما ہوتے ہیں۔ یہاں تک کہ نئی دلی کو عالمی میڈیا میں ریپ کیپیٹل کےنام سے جانا جاتا ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق دو ہزار سات سے دو ہزار سولہ کے درمیان خواتین کیخلاف ہونے والے جرائم میں تراسی فیصد اضافہ ہوا۔ ہر گھنٹے میں جنسی زیادتی کے چار کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔ اسی تناظر میں امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت جانے والے اپنے شہریوں کو ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے جس میں  کہا گیا ہے کہ خواتین  اکیلے سفر سے اجتناب کریں اور ہر وقت اپنے آس پاس کے ماحول سے چوکنا رہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی  کی جانب سے الیکشن جیتنے کی خاطر پلوامہ جیسا ایک اور حملہ کرانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے اور کشمیر کی صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے اپنی ٹریول ایڈوائزری میں لوگوں کو دہشتگردی کے کسی بھی ممکنہ حملے سے خبردار کیا ہے۔ امریکی شہریوں کو مقبوضہ جموں وکشمیر اور سرحدی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔