Sunday, September 8, 2024

امریکا نے بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے  پاکستان کی حمایت کر دی

امریکا نے بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے  پاکستان کی حمایت کر دی
July 2, 2016
اسلام آباد(92نیوز)امریکہ  نے بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے کی جانے والی پاکستانی کوششوں کی حمایت کردی، پاکستان کے دورے پر آئے امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ امریکہ بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے پاکستانی کوششوں کی تائید کرتا ہے۔ پاکستان نے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا معاملہ بھی امریکہ سے اٹھا دیا۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان  کے دورے پر آئے امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری سے ملاقات کی ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور پاک افغان بارڈر مینجمنٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، افغانستان میں قیام امن اور چار ملکی کور گروپ کی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے پاک افغان بارڈر مینجمنٹ انتہائی ضروری ہے، پاکستان ، افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی چاہتا  ہے، اس اہم اور فوری نوعیت کے معاملے پر امریکہ اور اقوام متحدہ کا کردار اہم ہے، پاکستان افغان امن عمل کا حامی ہے اور چار رکنی کور گروپ کی کوششوں کی تائید کرتا ہے۔ امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے کہا کہ بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے پاکستانی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، افغانستان میں قیام امن کے لئے کی گئی پاکستانی کوششیں قابل تعریف ہیں، عالمی برادری، 35برس  تک افغان مہاجرین کی مہمان نوازی پر پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،  افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، پاکستان اور امریکہ مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔