Friday, April 26, 2024

امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ کو سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت سے روک دیا

امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ کو سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت سے روک دیا
January 7, 2020
واشنگٹن ( 92 نیوز) امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ کو سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت سے روک دیا ،  جواد ظریف نے اقدام کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی ڈرون حملے میں موت کے بعد ایران امریکا کشیدگی  نے خطے کی صورتحال کو مزید سنگین بنا ڈالا ۔ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے تہران کو نیچا دکھانے اور ڈرانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں ،ا مریکا نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کو ویزہ دینے سے انکار کر دیا ، انہوں نے جمعرات کو نیو یارک میں ہونے والے سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنا تھی  جس کے ذریعے وہ جنرل سلیمانی کے قتل پر مذمتی بیان دے سکتے تھے ۔ ایرانی وزیرخارجہ نے امریکی اقدام کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ تباہ کن مہم جوئی انتہاپسندی اور دہشتگردی کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ اس سے قبل ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکی ہم منصب کی دھمکیوں کا دو ٹوک جواب دے دیا،اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ جو باون نمبر کا حوالہ دے رہے ہیں انہیں دو سو نوے بھی یاد رکھنا چاہئے ۔ 290 کا تاریخی حوالہ 1988میں ایرانی مسافر طیارے کی یاد دلاتا ہے جسے امریکی بحری بیٹرے نے میزائل کے ذریعے تباہ کردیا تھا ، اس حملے میں دو سو نوے مسافر لقمہ اجل بنے تھے۔