Thursday, April 25, 2024

امریکا نے اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین کی فنڈنگ بند کر دی

امریکا نے اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین کی فنڈنگ بند کر دی
September 1, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) امریکا کا فلسطینیوں کیخلاف ایک اور بھونڈا اقدام سامنے آ گیا۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین کو دی جانے والے امداد بند کر دی۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کی محبت میں تمام حدیں پار کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر فلسطینیوں کے حقوق پر ڈاکا مارا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے یو این ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین کو دی جانے والی امداد  ختم کر دی۔ ترجمان محکمہ خارجہ ہید نوئرٹ کا کہنا تھا کہ ایجنسی میں ناقابل اصلاح خامیاں موجود ہیں اور کافی سوچ بچار کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اِسے فلسطینی عوام پر حملہ اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی قرار دیا۔ امریکا میں فلسطینی سفیر حسام زوملوٹ کا کہنا تھا کہ امریکا تمام معاملات میں اسرائیلی بیانیے پر عمل پیرا ہے ۔ امداد ختم کر کے وہ بین الاقوامی ذمہ داریوں اور عہدے سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔ امریکا یو این ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین کا سب سے بڑا ڈونر ہے جس نے گزشتہ سال تین سو ساٹھ  ملین ڈالر امداد  دی تھی۔ رپورٹس کے مطابق  فنڈز کی بند سے  پچاس لاکھ فلسطینی مہاجرین کی مشکلات میں اضافے کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔ دوسری جانب غزہ کی سرحد پر  ہفتہ وار احتجاج کے دوران صیہونی فورسز کی فائرنگ سے 180 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ تیس مارچ سے جاری احتجاج میں اب تک 171 فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔