Wednesday, April 24, 2024

امریکا میں کورونا وبا سنگین صورتحال اختیار کرگئی

امریکا میں کورونا وبا سنگین صورتحال اختیار کرگئی
December 12, 2020

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا میں کورونا وبا سنگین صورتحال اختیار کرگئی، ادارہ برائے انسداد امراض کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈ فیلڈ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 مہینے تک ہر دن، نائن الیون اور پرل ہاربر حملے سے بھی بدتر ہوگا۔

کورونا وائرس کے سامنے سوپر پاور بھی بے بس ہوگیا، امریکا میں کورونا متاثرین اور یومیہ ہلاکتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، ہر نیا دن گزشتہ سے بدتر ثابت ہونے لگا۔

امریکی ادارہ برائے انسداد امراض کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈ فیلڈ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا میں کورونا وبا کے سبب آئندہ 2سے 3 مہینے تک ہر روز نائن الیون اور پرل ہاربر حملے سے زیادہ ہلاکتیں ہوں گی، کورونا ویکسین جلد منظورہو بھی گئی،، تب بھی 2 مہینے تک حالات میں بہتری کا امکان نہیں۔

نائن الیون اور پرل ہاربر حملوں کو امریکی تاریخ کے بدترین سانحات قرار دیا جاتا ہے،،، نائن الیون میں 2977 جبکہ دوسری جنگ عظیم میں پرل ہاربر پر جاپانی حملے میں 2403 امریکی ہلاک ہوئے تھے۔

ماہر وبائی امراض رابرٹ ریڈ فیلڈ کے بیان کی تصدیق گزشتہ 2 روز میں رپورٹ ہونے والی ہلاکتیں بھی کر رہی ہیں، امریکا میں بدھ کے روز ریکارڈ 3263، جبکہ گزشتہ روز تقریباً 3 ہزار کورونا متاثرین نے دم توڑا تھا۔