Friday, April 19, 2024

امریکا میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ پھر تیز ہونے لگا

امریکا میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ پھر تیز ہونے لگا
July 1, 2020

نیویارک ( 92 نیوز) امریکا میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ پھر تیز ہونے لگا، ایک ہی روز میں مزید چھیالیس ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوگئے ۔ وبائی امراض کے سب سے بڑے امریکی ماہر ڈاکٹر فاؤچی نے یومیہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچنے کے حوالے سے خبردار کردیا، مالی بحران کے شکار محکمہ امیگریشن نے تیرہ ہزار ملازمین کو بنا تنخواہ چھٹی پر بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔

امریکا میں کورونا کا پھیلاؤ برقرار ہے ، ایک اور روز چھیالیس ہزار بیالیس کیسز رپورٹ ہوگئے، جو اب تک کی دوسری بڑی یومیہ تعداد ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران سات سو چونسٹھ مزید مریض دم توڑ گئے۔

امریکا میں وبائی امراض کے سب سے بڑے ماہر ڈاکٹر انتونی فاؤچی نے ملک میں بڑھتے کیسز پر خبردار کردیا، سینٹ کمیٹی کے اجلاس کے سامنے بیان میں کہا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو یومیہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ سکتی ہے جبکہ محفوظ اور مؤثر ویکسین کی جلد دستیابی کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر ایک بار پھر چین کو تنقید کا نشانہ بناڈالا ، کہا جب موذی وبا کی تباہ کاریاں اور امریکا کو پہنچنے والے نقصان کو دیکھتا ہوں تو چین پر بہت غصہ  آتا ہے، لوگ اسے دیکھ سکتے ہیں اور میں اسے محسوس کرسکتا ہوں۔

دوسری جانب امریکی سٹیزن اینڈ امیگریشن نے تیرہ ہزار چار سو ملازمین بنا تنخواہ کے تین اگست سےچھٹی پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ، کورونا وائرس کی وجہ سے امیگریشن کی درخواستوں میں پچاس فیصد کمی آئی ہے جس کی وجہ سے محکمے کو مالی بحران کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔