Friday, March 29, 2024

امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں پھر اضافہ ہونے لگا

امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں پھر اضافہ  ہونے لگا
July 27, 2020

نیو یارک ( 92 نیوز) امریکا میں مہلک وائرس کورونا سے ہلاکتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ، گزشتہ چار دنوں سے روزانہ ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ہونے لگیں۔

امریکا  میں کورونا وائرس ایک بار پھر سے زور پکڑنے لگا، گزشتہ چار روز سے یومیہ ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار تک جا پہنچی ہے۔ موذی وبا سے متاثرہ افراد کی ہلاکتوں میں اضافے کے بعد ایک بار پھر سے یہ بحث چھڑ چکی ہے کہ بچوں کو سکول بھیجنا چاہئے ہا نہیں۔ عوام شدید بے یقینی کا شکار ہے اور ملکی معیشت کی بگڑتی ہوئی حالت ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔

اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور کورونا ٹیسٹ میں تاخیر کے پیش نظر امریکی ریاست ہوسٹن اور لاس اینجلس کے میئر کا کہنا ہے کہ ملک میں ایک بار پھر سے لاک ڈاون کے نفاذ کی ضرورت ہے۔

ایک سو پچاس سے زائد طبی ماہرین، سائنسدان، نرسز اور دیگر ماہرین کی جانب سے ٹرمپ انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں کورونا سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات پر زور دیا گیا ہے اور حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر سخت احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا گیا تو نومبر تک مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ تک جا پہنچے گی۔