Saturday, April 27, 2024

امریکا میں کورونا وائرس سے 24 گھنٹوں میں مزید اکیس سو سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے

امریکا میں کورونا وائرس سے 24 گھنٹوں میں مزید اکیس سو سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے
May 8, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکا بدستور کورونا وائرس کے نشانے پر ہے۔ 24 گھنٹوں میں مزید اکیس سو سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ہلاکتیں 76 ہزار 925 ہوگئیں۔ برازیل میں مزید 600، برطانیہ میں 539، اٹلی میں 274، اسپین میں 213 اموات ہوئیں۔ سعودی عرب میں مزید 10 افراد جان سے گئے جس کے بعد اموات 219 ہو گئیں جبکہ متاثرین کی تعداد 33 ہزار 700 سے تجاوز کر گئی۔ دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں2 لاکھ 70 ہزار اور متاثرین 39 لاکھ سے بڑھ گئے۔ دوسری طرف فرانسیسی وزیراعظم ایڈورڈ فلپ نے 11 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ احتیاطی تدابیر پرعمل کرتے ہوئے فرانس میں 85 فیصد تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے جبکہ 75 فیصد ٹرانسپورٹ بھی بحال کردی جائے گی تاہم ریسٹورنٹس، سنیما گھروں، تھیٹرز اور عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار اور سرحدیں بند رہیں گی۔ فرانسیسی وزیراعظم نے صنعتوں کے  مارچ، اپریل اور مئی کے ٹیکسز معاف کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ادھر امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر وائرس کے چینی لیبارٹری سے لیک ہونے کا دعویٰ دہرا دیا۔ انہوں نے کہا کچھ تو ضرور ہوا ہے، یا تو کوئی نااہل تھا یا احمق جس کی وجہ سے وائرس لیک ہوا۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کو کنٹرول نہ کیا جا سکا تو افریقہ میں ایک سال کے دوران 2 کروڑ سے 4 کروڑ افراد متاثر اور دو لاکھ کےقریب ہلاکتیں ہو سکتیں ہیں۔ افریقہ میں اب تک باقی دنیا کی نسبت سب سے کم متاثرین اور ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ ٹورزم آرگنائزیشن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عالمی وبا کے سبب سیاحت کی صنعت کو ایک کھرب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے ۔ سفری پابندیوں کے باعث رواں سال عالمی سطح پر سیاحوں کی آمد میں 60 سے 80 فیصد کمی متوقع ہے۔