Friday, March 29, 2024

امریکا میں کورونا مزید دو ہزار سے زائد زندگیاں نگل گیا ، مجموعی اموات چونتیس ہزار ہو گئی

امریکا میں کورونا مزید دو ہزار سے زائد زندگیاں نگل گیا ، مجموعی اموات چونتیس ہزار ہو گئی
April 17, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکا میں کورونا مزید دو ہزار سے زائد زندگیاں نگل گیا۔ ملک میں مجموعی اموات چونتیس ہزار جبکہ متاثرین چھ لاکھ ستتر ہزار سے بڑھ گئے۔ کورونا وائرس کا عالمی پھیلاؤ رکا اور نہ ہی ہلاکتوں کا سلسلہ تھم سکا۔ کئی ممالک میں صحت عامہ کے سنگین مسائل جنم لے چکے ہیں۔ برطانیہ ایک لاکھ سے زائد کورونا متاثرین والا چھٹا ملک بن گیا ہے۔ برطانیہ میں آج مزید 861 مریض ہلاک ہوئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 13 ہزار 729 تک جا پہنچیں۔ کورونا وائرس سے نمٹنے اور اسکا مزید پھیلاؤ روکنے کیلئے برطانیہ کے لاک ڈاؤن میں 3 ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے۔ قائم مقام وزیراعظم ڈومینک راب کا کہنا ہے پابندیاں اٹھانے کی حتمی تاریخ دینا غیر ذمہ دارانہ ہو گا۔ امریکا کے بعد سب سے زیادہ یومیہ کیسز فرانس میں رپورٹ ہو رہے ہیں ۔ وہاں اب تک ایک لاکھ 65 ہزار افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے تقریباً 33 ہزار صحتیاب اور 17 ہزار 920 افراد ہلاک ہوئے۔ اٹلی میں مزید سوا پانچ سو مریضوں کی ہلاکت سے مجموعی ہلاکتیں 22 ہزار 170 ہو گئیں۔ یورپی ملک میں تقریباً ایک لاکھ 69 ہزار افراد موذی وبا میں مبتلا ہوئے جن میں سے 40 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ عالمی وبا اسپین میں اب تک 19 ہزارسے زائد زندگیاں نگل چکی ہے جبکہ وائرس کو شکست دے کر رو بہ صحت ہونے والوں کی تعداد تقریباً 75 ہزار ہے۔ اُدھر ایران میں کورونا کا زور ٹوٹنے لگا ہے، ہلاکتوں میں مسلسل کمی کے علاوہ نئے کیسز کی شرح بھی کافی کم ہو چکی ہے۔ ہمسایہ ملک میں مجموعی طور پر 4 ہزار869 مریضوں نے دم توڑا۔ 52 ہزار 229 متاثرین کی صحتیابی کے بعد زیرعلاج مریضوں کی تعداد کم و بیش 21 ہزار رہ گئی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا کے ساڑھے 5 لاکھ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔