Thursday, March 28, 2024

امریکا میں کورونا سے ہلاکتیں 260 سے تجاوز، مائیک پنس کا اسٹاف ممبر مرض میں مبتلا

امریکا میں کورونا سے ہلاکتیں 260 سے تجاوز، مائیک پنس کا اسٹاف ممبر مرض میں مبتلا
March 21, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکا میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 260 سے تجاوز کر گئی، صدر ٹرمپ نے فی الوقت لاک ڈائون کو غیر ضروری قرار دے دیا، نائب امریکی صدر مائیک پنس کے اسٹاف ممبر میں بھی وائرس کی تشخیص ہو گئی۔ خونی کورونا وائرس کے امریکا پر وار جاری ہیں، ایک دن میں ساڑھے 5 ہزار سے زائد مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہو گئی۔ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے امریکی ریاست کیلیفورنیا کا لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔ کئی دیگر ریاستوں میں حکام نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کا کہہ دیا ہے۔ میامی میں شہری انتظامیہ نے ساحل پر واقع تمام ہوٹلوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ شہرمیں جلد ہی کرفیو بھی لگا دیا جائے گا۔ نیویارک میں امریکی فوج کی انجینئرنگ کور کی جانب سے ہوٹلوں اور کالجوں کے ہزاروں کمروں کو نگہداشت یونٹس میں تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے فی الحال وہ پورے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کو ضروری نہیں سمجھتے۔ انہوں نے امریکا اور میکسیکو کی سرحد بند کرنے کا بھی اعلان کیا۔ امریکا میں کورونا وائرس کے خلاف مہم کے سربراہ اور نائب صدر مائیک پنس کے ایک اسٹاف ممبرمیں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے، تاہم امریکی حکام کے مطابق امریکی صدر اور نائب صدر کا مریض سے قریبی رابطہ نہیں ہوا۔ دوسری جانب رواں ہفتے کے آخر میں امریکا کے تینوں بڑے اسٹاک انڈیکس بدترین مندی کے ساتھ بند ہوئے۔ ڈاو جونز کو رواں ہفتے میں 17 اعشاریہ 3 فیصد، ایس اینڈ پی 500 کو 15 فیصد اور نیسڈیک کو 12 اعشاریہ 6 فیصد خسارے کا سامنا رہا ہے، جو اکتوبر 2008 کے بعد بری ترین پرفامنس ہے۔