Friday, April 26, 2024

امریکا میں کورونا سے مسلسل پانچویں دن ایک ہزار سے زائد اموات

امریکا میں کورونا سے مسلسل پانچویں دن ایک ہزار سے زائد اموات
April 6, 2020
واشنگٹن ( 92 نیوز)  امریکا میں کورونا سے مسلسل پانچویں دن ایک ہزار سے زائد اموات ہوئیں جس کے بعد  مجموعی ہلاکتیں ساڑھے نو ہزار سے بڑھ گئیں، متاثرین کی تعداد تین لاکھ 36 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے ، اسپین میں مزید 694 ، برطانیہ میں 621 ، اٹلی میں 525 ، فرانس میں 518 مریض ہلاک ہوئے ۔ مصر میں زیر علاج لیبیا کے سابق وزیراعظم محمود جبریل جاں بحق ہو گئے ، دنیا بھر میں اموات انہتر ہزار، متاثرین 12لاکھ74ہزار سے بڑھ چکے۔ امریکا میں مسلسل پانچویں روز بھی ایک ہزار سے زائد افراد کورونا کا شکار ہوکر لقمہ اجل بن گئے  ، مجموعی ہلاکتیں9ہزار 618 سے زائد ہو چکی ہیں  جب کہ  تین لاکھ چھتیس ہزار سے زائد متاثر ہیں ۔ صدر  ٹرمپ نے ایک بار پھر کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے اینٹی ملیریا دوائی تجویز کردی ، وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کہتے ہیں اگرکورونا  پر مکمل قابو نہ پایا گیا تو یہ موسمی وائرس بن کر مزید خطرناک ہوسکتا ہے۔ امریکا میں مہلک کورونا وائرس نے ہولناک تباہی مچارکھی ہے  جس میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، نیویارک کے بعد ریاست لوزیانا ،وائرس کا نیا مرکز بن رہی ہے ۔جہاں پانچ سو سے زائد اور تیرہ ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ۔ریاست پینسلوینیا،کولوراڈو، اور واشنگٹن  میں بھی شرح اموات بڑھ رہی ہیں ۔ امریکی سرجن جنرل جیروم ایڈمز نے آنے والے دنوں کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے انہیں پرل ہاربر اور نائن الیون حملوں سے تشبیہ دی ہے ۔ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے صدر  ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کورونا وائرس سے  علاج کیلئے غیر تصدیق شدہ اینٹی ملیریل دوائی کی تجویز دی ،اس بارے میں ۔جب وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی  سے سوال پوچھا گیا تو ٹرمپ نے صحافی کو ٹوک دیا۔ اس سے قبل ڈاکٹر فاؤچی نے ٹی وی انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اُن کا کہنا تھا کہ آنے والا ہفتہ انتہائی برا ثابت ہوگا جس کے بعد  کورونا وائرس کیسز میں کمی آنا شروع ہوجائے گی۔