Monday, May 6, 2024

امریکا میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی آزمائش

امریکا میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی آزمائش
March 17, 2020

نیو یارک ( 92 نیوز) کورونا وائرس نے امریکا  کو ہلا کر رکھ دیا ، ہلاکتوں کی تعداد 91 ہوگئی، وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 47 سو سے بڑھ گئی ، امریکا میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی آزمائش بھی کر لی گئی۔

دنیا کی سپرپاور کورونا وائرس کے سامنے بے بس دکھائی دینے لگی، امریکا میں مزید پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 91 ہوگئی ، وائرس کے مزید نو سو ستانوے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد بھی چار ہزار سات سو سے زائد ہوچکی ہے۔

وائرس کے  پیش نظر نیوجرسی میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے ۔کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو کو بھی مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا ، مشی گن، نیویارک اور لاس اینجلس میں تمام سینما گھر، بارز، نائٹ کلب اور ریستوران پہلے ہی بند ہیں جبکہ ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیاں بھی معطل ہیں ۔

امریکی محکمہ دفاع بھی کورونا وائرس کے وار سے محفوظ نہ رہ سکا ، پینٹاگون کے  سینتیس ملازمین میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ،جس کے بعد وزیر دفاع مارک ایسپر کو  احتیاطی طور پر دیگر اسٹاف سے الگ کردیا گیا ہے ۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا  کہ ملک  میں کورونا وائرس کی وجہ سے لگی ایمرجنسی جولائی یا اگست تک جا سکتی ہے۔

عوام بارز، ریستوران، عوامی مقامات اور غیرضروری سفر سے گریز کریں۔ صدر ٹرمپ نے وائرس کی وجہ سے امریکی معیشت کے کساد بازاری کی طرف جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا۔

سیاٹل کے واشنگٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی پہلی ویکسین کی آزمائش کی گئی ہے۔ ڈاکٹروں نے جینفیر ہیلر نامی خاتون کو انجکشن لگایا ، مجموعی طور پر ٹرائل مرحلے میں پینتالیس رضاکاروں کو ویکسین کے انجکشن لگائے جائیں گے۔