Thursday, April 25, 2024

امریکا میں پاکستانی سفیر نےمودی حکومت کا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا

امریکا میں پاکستانی سفیر نےمودی حکومت کا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا
July 18, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکا میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کے گھناؤنے منصوبوں کو بےنقاب کر دیا۔ معروف امریکی میگزین نیوز ویک میں شائع ہونے والے مضمون میں پاکستانی سفیر نے بتایا کہ بھارت نے کورونا وباء کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی انتہا کردی، آبادی کا تناسب بدلنے کے گھناؤنے منصوبے میں بھارت نے جو ڈومیسائل قانون متعارف کرایا وہ جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا آبادیاتی تناسب بدلنے کا منصوبہ ایک بار پھر بے نقاب کردیا۔ امریکا میں پاکستانی سفیر نے مودی حکومت کا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا۔ امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی ضمیر پر بوجھ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جن اخلاقی اور سیاسی اقدار کی نمائندگی کرتا ہے، بد قسمتی سے انہیں مقبوضہ کشمیر میں پامال کیا جا رہا ہے، کشمیری عوام امریکی قیادت سے اخلاقی اور سیاسی حمایت کی توقع رکھتے ہیں۔ معروف امریکی میگزین نیوزویک میں شائع مضمون میں انہوں نے لکھا کہ کورونا وبا کے باعث امریکا سمیت پوری دنیا کو چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن بھارت نے مکاری سے وبا کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی۔ پاکستانی سفیر نے مزید لکھا کہ بھارت نے گزشتہ برس یکطرفہ اقدام کے ذریعے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی کی، اس کے بعد مقبوضہ کشمیر کو بدترین لاک ڈاؤن میں دھکیل دیا گیا، دنیا نے جو لاک ڈاؤن وبا کے دوران دیکھا کشمیری بہت پہلے ہی اس کا شکار تھے۔ مقبوضہ کشمیر 05 اگست، 2019 سے ایک بہت بڑی جیل کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اسد مجید خان نے لکھا کہ کشمیریوں کو بنیادی سہولیات سے محروم کردیا گیا اور بیرونی دنیا سے ان کا رابطہ منقطع ہے، انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں بھی مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل اور کریک ڈاؤن کےخلاف آواز اٹھا رہی ہیں۔ بھارت نے آبادی کے تناسب کو بدلنے کیلئے جو ڈومیسائل قانون متعارف کرایا وہ چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔