Sunday, May 12, 2024

امریکا میں ووٹوں کے نتائج میں تاخیر اور اختلافات پر کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے

امریکا میں ووٹوں کے نتائج میں تاخیر اور اختلافات پر کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے
November 5, 2020

نیو یارک (92 نیوز) امریکا میں  ووٹوں کے نتائج میں تاخیر یا نتائج سے اختلافات پر کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے ۔ واشنگٹن، نیویارک اور کیلی فورنیا میں سیکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے،ہنگامہ ٓآرائی پر 50 مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔

امریکا میں ہونے والے انتخاب کے اگلے روز ملک میں صورتحال کشیدہ نظر آرہی ہے۔ غصے اور افراتفری کی فضا میں سپورٹرز مظاہرے کر رہے ہیں جبکہ دونوں امیدوار اپنی اپنی جیت یقینی ہونے کے دعوے کرتےنظرآئے۔

ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے پنسلوینیا، جارجیا، شمالی کیرولینا سے جیتنے کا دعویٰ کیاہے حالانکہ غیرحتمی نتائج کے مطابق مشی گن سے ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کامیاب ہوچکے ہیں جبکہ ٹرمپ کی مہم کا الزام ہے کہ ایسے ووٹ بھی گنے جارہے ہیں جو وقت گزرنے کے بعد کاسٹ کئے گئے۔

ادھر جوبائیڈن کہتے ہیں یقین ہے کہ جب گنتی مکمل ہو گی، وہ ہی فاتح قرار پائیں گے، انہوں نے کہا مہم ڈیموکریٹس کے طور پر چلائی، لیکن حکومت ’’امریکی‘‘ صدر کے طور پر کروں گا۔

دوسری جانب واشنگٹن سمیت کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے،کیلی فورنیا اور نیویارک میں ٹرمپ کے حامی ووٹوں کی گنتی روکنے جبکہ بائیڈن کے حامی گنتی جاری رکھنے کے لیے مظاہرے کرتے نظر آئے۔

واشنگٹن میں بلیک لائیو میٹرز کے زیر اہتمام  ٹرمپ کے خلاف مظاہرہ ہوا جس میں صدر کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔