Saturday, April 20, 2024

امریکا میں طوفان سے تباہی، ہلاکتیں 100 سے تجاوز، کینٹکی میں ایمرجنسی نافذ

امریکا میں طوفان سے تباہی، ہلاکتیں 100 سے تجاوز، کینٹکی میں ایمرجنسی نافذ
December 12, 2021 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا کی مختلف ریاستوں میں آنے والے خوفناک ترین طوفان میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست کینٹکی میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔

امریکی ریاست کینٹکی میں تاریخ کے بدترین طوفانی بگولوں نے تباہی مچا دی۔ گھر، فیکٹریاں، پلازے ویئر ہاؤس ملیامیٹ ہوگئے، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور لاکھوں مالیت کی متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

درجنوں افراد کی ہلاکت اور معمولات زندگی درہم برہم ہونے پر امریکی صدرجوبائیڈن نے ایمرجنسی نافذ کردی۔ انہوں نے کہا اس سانحے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔

امریکی ریاست کینٹکی کے گورنراینڈی بیشیربگولوں کو تاریخ کے بدترین جھکڑ قراردیتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے اور ایک سو افراد کے لقمہ اجل بننے کا خدشہ ظاہر کیا۔

طوفان سے متاثرہ شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ سب ناقابال یقین تھا۔

میفیئر ٹاؤن میں موم بتی بنانے والی ایک فیکٹری کا نام و نشان مٹ گیا، فیکٹری میں 100 سے زائد افراد تھے اور درجنوں افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی الینوائے میں ایڈورڈزوِل نامی علاقے میں موجود ایمازون کمپنی کا ویئر ہاؤس بھی تباہ ہوا جس میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایلی نائے،کینٹکی،ٹینی سی، میزوری، آرکنساس اور میسی سپی میں 36 مقامات پرخوفناک اور غیر متوقع 36 جھکڑ رپورٹ ہوئے جنہوں نے 200 میل تک تباہی مچائی۔