Friday, April 26, 2024

امریکا میں صدارتی انتخابات میں امن و امان خراب ہونے کا خدشہ

امریکا میں صدارتی انتخابات میں امن و امان خراب ہونے کا خدشہ
November 3, 2020

واشنگٹن(92 نیوز)امریکامیں صدارتی انتخابات کیلئے آج پولنگ ہو رہی ہے ، پولنگ کےموقع پر امن و امان خراب ہونےکے خدشات ہیں ۔ ٹرمپ کے حامیوں نے ملک بھرمیں اسلحہ بانٹنا شروع کر دیا ہے ، اب تک  ہزاروں بندوقیں خریدی اور بانٹ دی گئی ہیں۔ واشنگٹن میں سرکاری عمارتوں کو سیل کر دیا گیاجبکہ وائٹ ہاؤس کے باہر آہنی جنگلہ نصب کر دیا گیا ہے ۔

ادھرڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدارتی انتخابی مہم  کے آخری روز بھی متحرک رہے ، مختلف شہروں میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے حریف امیدوار جوبائیڈن کو کرپٹ سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ  بائیڈن نے چین سے کروڑوں ڈالر اکٹھے کیے، امریکیوں کی نوکریاں چینی باشندوں کو دیں،جوبائیڈن امریکی صدر بننے کیلئے ذہنی صلاحیت ہی نہیں رکھتے۔

ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے بھی ٹرمپ پر جوابی وار کئے ، موناکا میں ریلی سے خطاب میں کہا کہ صد ر ٹرمپ اقتدار کے پہلے روز سے ہی امریکا کو تباہ اور تقسیم کرنے پر لگے ہیں۔

جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ  سب سے زیادہ تکلیف جس چیز نے پہنچائی وہ ٹرمپ کا سابق فوجیوں سے متعلق بیان تھا،جنگوں میں لڑنے والے نہیں ،ٹرمپ شکست خوردہ ہیں۔

ادھر سابق امریکی صدر باراک اوباما بھی جو بائیڈن کی الیکشن مہم میں پیش پیش رہے ۔ اٹلانٹا میں شہریوں سے خطاب میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے عوامی سطح پر کورونا وبا کو کم خطرناک ظاہر کیا، یہ لوگ وبا  سے بھی فائدہ اٹھانے کا سوچتے رہے۔

اوباما کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کورونا پھیلاؤ مہم پر نکلے ہیں، انہیں لوگوں کا ہجوم  چاہئے۔