Tuesday, May 7, 2024

امریکا میں زیر علاج دو سالہ بچہ ماں کے انتظار میں زندگی کی بازی ہار گیا

امریکا میں زیر علاج دو سالہ بچہ ماں کے انتظار میں زندگی کی بازی ہار گیا
December 30, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسلمان ممالک کے خلاف بے رحمانہ پالیسیوں نے ایک معصوم جان نگل لی ۔ کیلیفورنیا کے ایک اسپتال میں زیر علاج دو سالہ عبداللہ ماں کو دیکھے بغیر ہی اس دنیا سے رخصت ہو گیا۔ ماں آئی بھی تو اسوقت جب زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ننھا عبداللہ آنکھیں کھول کر ماں کا شفیق چہرہ نہیں دیکھ سکتا تھا ۔ ماں ایک ہفتہ تک بیٹے کی مسکراہٹ دیکھنے کی آس  لیے بیڈ کےسرہانے بیٹھی  رہی مگر معصوم عبداللہ انسانوں کی لگائی پابندیوں سے آزاد ہو کر خلد کا مکیں ہوگیا۔ کیلیفورنیا کے ایک اسپتال میں کئی ماہ تک زیرعلاج رہنے  والا ننھا عبداللہ  دماغی مرض ہائپو مائلی نیشن میں مبتلا تھا ۔ اسکی والدہ کٹھور دل  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کی یمنی شہریوں پر لگائی امریکی پابندیوں کی زد میں آگئی۔ ٹرمپ نے یمن سمیت  پانچ مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا  میں داخلے پر پابندی لگا رکھی ہے۔ عبداللہ  اور اسکے والد امریکی شہری جبکہ اسکی والدہ شمائما یمنی شہری ہیں ، جو خانہ جنگی کے باعث یمن سے ہجرت کرکے مصر میں مقیم ہیں۔ عبداللہ  تو اس دنیا سے چلا گیا تاہم اسکی  موت نے ٹرمپ کی خارجہ پالیسی پر کئی سنجیدہ سوالات اٹھا دئیے ہیں۔