Saturday, April 20, 2024

امریکا طالبان معاہدہ قیام امن کیلئے پہلا ٹھوس قدم ہے ، شاہ محمود قریشی

امریکا طالبان معاہدہ قیام امن کیلئے پہلا ٹھوس قدم ہے ، شاہ محمود قریشی
March 1, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا امریکا طالبان معاہدہ قیام امن کیلئے پہلا ٹھوس قدم ہے۔ دورہ قطر سے واپسی پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان امریکہ امن معاہدے سے انٹرا افغان ڈائیلاگ کا آغاز ہو گا جس کی میزبانی کے لیے ناروے نے حامی بھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کا فیصلہ افغانیوں نے خود کرنا ہے کیونکہ انہوں نے طویل جنگ دیکھی ہے اور وہ اب امن چاہتے ہیں۔ افغان عوام نے نقل مکانی اور بہت دشواریاں دیکھیں۔ اب افغانستان میں امن ہو گا تو وہاں کے عوام سکھ کا سانس لیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امن معاہدے میں پاکستان کے کردار کو پوری دنیا نے سراہا ہے اور اب دیکھنا ہو گا کہ افغان قیادت ملکی مفادات کو ترجیح دیتی ہے یا ذاتی مفادات کو۔ آنے والے دنوں میں پتہ چلے گا کہ کتنی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے ؟ اب ایک دوسرے کو لچک دکھانے کے لیے کیا سب تیار ہیں ؟ طے ہوا ہے کہ افغانستان کی زمین امریکہ سمیت کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ انٹر افغان ڈائیلاگ کی اگلی نشست میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے ۔ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کی قیادت کو القاعدہ سے رابطے بھی منقطع کرنا ہوں گے ، دیکھنا یہ ہے کہ وہ کیسے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا افغان امن عمل کو خراب کرنے والے موجود ہیں جبکہ منفی کردار والوں کی نشاندہی اور بے نقاب کرنے کے لیے ایک طریقہ کار درکار ہے۔