Tuesday, May 14, 2024

امریکا سے مذاکرات کامیاب، ترکی شام میں عسکری کارروائیاں روکنے پر آمادہ

امریکا سے مذاکرات کامیاب، ترکی شام میں عسکری کارروائیاں روکنے پر آمادہ
October 18, 2019
واشنگٹن (92 نیوز) ترکی او ر امریکا کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، ترکی کے صدر نے شام میں عسکری کارروائیاں روکنے پر رضا مندی کا اظہار کر دیا۔  مذاکرات کی کامیابی پر امریکی صدر ٹرمپ نے ترک ہم منصب سے اظہار تشکرکیا، امریکا نے ترکی پر مزید پابندیاں عائدنہ کرنے کا اعلان بھی کردیا۔ شام ایک اور خوفناک جنگ سے عارضی طور پر بچ گیاہے۔ ترکی اور امریکا کی لفظی گولہ باری نے دنیا کو تشویش میں مبتلا کررکھا تھا۔ ترکی اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں یہ طے پا گیا ہے کہ ترکی 5 دن تک شمال مشرقی شام میں عسکری کارروائیاں نہیں کرے گا۔ امریکی نائب صدر مائیک پنس نے مذاکرات کے بعد انقرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یہ اعلان بھی کیا کہ امریکا اب ترکی پر مزید پابندیاں عائد نہیں کرے گا۔ ترکی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ شرط رکھی گئی ہے کہ 5 دن کے اندر اندر کرد جنگجو سیف زون کو خالی کردیں اور اس دوران ترک فوج حملہ نہیں کرے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس اہم خبر کا اعلان اپنے ٹویٹ کے ذریعے کیا۔ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ وہ ترک صدرطیب اردوان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی وجہ سے لاکھوں زندگیاں بچ گئیں۔ پانچ روزکے لئے ہونے والا سیز فائر مزید آگے بڑھ سکتا ہے اگر کرد جنگجو سیف زون کو خالی کردیتے ہیں۔