Saturday, May 18, 2024

امریکا سے مالی امداد چاہیے نہ عسکری سازوسامان ، صرف اعتماد چاہیے : آرمی چیف کا پیغام

امریکا سے مالی امداد چاہیے نہ عسکری سازوسامان ، صرف اعتماد چاہیے : آرمی چیف کا پیغام
August 23, 2017

راولپنڈی (92 نیوز) ٹرمپ کی دھمکیوں کے بعد امریکی سفیر وضاحتیں دینے جی ایچ کیو پہنچ گئے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بھی دبنگ جواب۔ ۔ کہتے ہیں امریکی امداد نہیں ،اعتماد چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ امریکی سفیر نے آرمی چیف کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی افغان اور جنوبی ایشیاءسے متعلق پالیسی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دہشتگردی کےخلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے د یکھتا ہے۔ اورافغان مسئلے کے حل کےلئے تعاون کا خواہاں ہے۔

اس موقع پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی سفیر پر واضح کردیا کہ پاکستان کو امریکی امداد نہیں۔ اعتماد چاہیے۔ پرامن افغانستان کےلئے کوششں کسی کو مطمئن کرنے کےلئے نہیں۔ خالصتاً ملکی مفاد میں کررہے ہیں۔

افغانستان کسی بھی دوسرے ملک کی طرح پاکستان کےلئے بھی انتہائی اہم ہے۔ وہاں جاری طویل جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کےلئے تمام شراکت داروں کو ملکر کوششیں کرنا ہونگی۔ پرامن افغانستان کی یہی کنجی ہے۔ آرمی چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشتگردی کےخلاف پاکستان کی کامیابیوں اور قربانیوں کا ادراک کیا جائے۔