Friday, April 19, 2024

امریکا سے ایڈ نہیں ٹریڈ کی بات کر رہے ہیں، شاہ محمود قریشی

امریکا سے ایڈ نہیں ٹریڈ کی بات کر رہے ہیں، شاہ محمود قریشی
July 21, 2019
 واشنگٹن (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا امریکا سے ایڈ نہیں ٹریڈ کی بات کر رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا امداد مانگنے نہیں بلکہ نئی سوچ اور نقطہ نظر کے ساتھ واشنگٹن آئے ہیں۔ عمران خان پاکستان کا مقدمہ لڑیں گے۔ انہوں نے کہا دورہ امریکا میں خود داری سے بات کریں گے ۔ افغانستان میں امن امریکا اور پاکستان کے درمیان مشترکہ مفاد ہے۔ گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی امریکا میں صف اول کی لابنگ فرم “ہالینڈ اینڈ نائٹ” کے نمائندہ ٹام ریلنڈز سے ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات واشنگٹن میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں ہوئی۔ ملاقات میں پاکستانی سفارتخانے اور لابنگ فرم کے مابین معاہدہ پر دستخط ہوئے۔ لابنگ فرم پاک امریکا تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پاکستانی سفارتخانے کی معاونت کرے گی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے سے پاک امریکا تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔