Wednesday, April 24, 2024

امریکا ،سعودی عرب اور اسپین کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حملوں کی مذمت

امریکا ،سعودی عرب اور اسپین کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حملوں کی مذمت
July 14, 2018
ریاض (92 نیوز) سعودی عرب ، امریکا اور سپین نے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں انتخابی امیدواروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ نوئرٹ کا کہنا تھا کہ ایسے حملے  پاکستانی عوام کو جمہوری  حقوق سے محروم کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا  مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور  زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہے۔ خطے سے دہشتگردی  کے  خاتمے کیلئے پاکستانی عوام کیساتھ کھڑے ہیں ۔ سعودی وزارت خارجہ  نے بھی مستونگ بم دھماکے  میں  قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس  کرتے ہوئے کہا کہ  دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سعودی عرب  پاکستان کیساتھ ہے۔ اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز کا کہنا تھا کہ پورے ملک کی ہمدردیاں دھماکے  کے متاثرین کیساتھ ہیں۔