Sunday, May 12, 2024

امریکا سال کے پہلے طاقتور سرد طوفان کی لپیٹ میں آ گیا

امریکا سال کے پہلے طاقتور سرد طوفان کی لپیٹ میں آ گیا
February 2, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا سال کے پہلے طاقتور سرد طوفان کی لپیٹ میں آ گیا۔ گزشتہ روز شروع ہونے والا برفباری کا سلسلہ کئی ریاستوں تک پھیل گیا۔

امریکا میں برفباری کا سیزن شروع ہو گیا۔ واشنگٹن سے نیویارک تک شہر شہر روئی کے گالوں کی برسات جاری ہے۔ دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی اور ورجینیا کے علاقے بلیکس برگ میں لوگوں نے برفباری کو خوب انجوائے کیا۔ نوجوانوں نے ایک دوسرے پر برف کے گیند پھینک کر موسم کی تبدیلی کو خوش آمدید کہا۔

نیویارک نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ چند ہی گھنٹوں میں امریکی تجارت کا مرکز ٹائمز اسکوائر، آئس اسٹیشن میں تبدیل ہو گیا۔

پنسلوینیا سے لے کر نیو انگلینڈ تک امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں جگہ جگہ برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل برفباری سے کئی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

امریکی نیشنل ویدر سروس کے مطابق برفباری کا سلسلہ چند روز تک جاری رہے گا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد علاقوں میں 2 فٹ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔