Sunday, September 8, 2024

امریکا ترکی میں ہونے والی ناکام بغاوت میں ملوث نہیں : جان کیری

امریکا ترکی میں ہونے والی ناکام بغاوت میں ملوث نہیں : جان کیری
July 17, 2016
انقرہ (ویب ڈیسک) امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکا ترکی میں ہونے والی بغاوت میں ملوث نہیں ہے۔ الزامات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترکی میں فوج کے ایک دھڑے کی جانب سے ناکام بغاوت کے بعد ترکی اور امریکا کے مابین تعلقات میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے بغاوت کا سرغنہ امریکا میں مقیم جلاوطن ترک سکالر فتح اللہ کو قرار دیا ہے جبکہ ایک سینئر ترک آفیشل نے بغاوت کا ذمہ دار براہ راست امریکا کو قرار دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے تعلقات میں کشیدگی کے پیش نظر ترک ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ترکی میں ہونے والی ناکام بغاوت میں ملوث نہیں ہے۔ ایسے الزامات امریکا اور ترکی کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچانے کی سازش ہیں۔ جان کیری نے کہا اگر ترکی کے پاس بغاوت میں فتح اللہ گولن کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں تو ہمیں مہیا کیے جائیں۔ واضح رہے کہ ترکی امریکا کا اتحادی ملک اور نیٹو ممبر ہے۔ شام اور عراق میں داعش کیخلاف جنگ میں ترکی نے امریکا کو اپنے ہوائی اڈے بھی مہیا کر رکھے ہیں۔