Monday, May 13, 2024

امریکا، برطانیہ اور جرمنی کے تین سائنسدان نوبل انعام کے حقدار ٹھہرے

امریکا، برطانیہ اور جرمنی کے تین سائنسدان نوبل انعام کے حقدار ٹھہرے
October 6, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) طبیعات کے نوبل انعام کا اعلان کر دیا گیا ۔ امریکا، برطانیہ اور جرمنی کے تین سائنسدان نوبل انعام کے حقدار ٹھہرے۔ برطانیہ کے راجر پینروز، جرمنی کے رین ہارڈ جنزیل اور امریکا کی اینڈریا گھیز کیلئے مشترکہ نوبل انعام کا اعلان کیا گیا۔ انسٹی ٹیوٹ کی نوبل اسمبلی نے اس سال فزکس کے نوبل انعام کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق آدھا انعام راجر پنروز کو بلیک ہول بننے کے بارے میں درست ترین پیش گوئی کرنے اور جبکہ باقی نصف انعام مشترکہ طور پر رائنہارڈ گینزل اور اینڈریا گیز کو کہکشاں کے مرکز میں ایک سپر میسیو بلیک ہول دریافت کرنے پر دیا گیا ہے۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے معروف ریاضی دان، راجر پنروز کا شمار اُن سائنسدانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے آئن اسٹائن کے نظریہ اضافیت کو بہت باریک بینی کے ساتھ سمجھا اور 1965 میں ناقابلِ تردید ریاضیاتی ثبوتوں کے ساتھ یہ بتایا کہ بلیک ہولز ان ہی مساواتوں کے اطلاق کا منطقی نتیجہ ہیں۔ امریکا سے تعلق رکھنے والی اینڈریا گیز اور جرمنی کے ماہرِ فلکیات رائنہارڈ گینزل نے 1990 کے عشرے میں دریافت کیا تھا کہ ہماری کہکشاں کے مرکز میں ایک بہت بڑا بلیک ہول موجود ہے جس کی کمیت ہمارے سورج کے مقابلے میں بھی 46 لاکھ گنا زیادہ ہے۔