Thursday, May 9, 2024

ایرانی جنرل کا قتل، غیر یقینی صورتحال نے عالمی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا

ایرانی جنرل کا قتل، غیر یقینی  صورتحال نے عالمی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا
January 6, 2020
کراچی (92 نیوز) ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد غیر یقینی کی صورتحال نے عالمی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت ستر ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ ایشیائی اسٹاک مارکیٹس کو بھی جھٹکے۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج ایک ہی دن میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس  نیچے آ گئی۔ بھارت، جاپان، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا کی مارکیٹس میں بھی مندی چھائی رہی۔ پاکستان میں سونا تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ امریکی ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی موت اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال نے عالمی مارکیٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔۔ برینٹ کروڈ  آئل کی  قیمت  پچانوے پیسے فی بیرل اضافے کیساتھ  ستر ڈالر فی بیرل تک جاپہنچی ۔۔یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی  قیمت میں بہتر  فیصد کا اضافہ ہوا  اور  وہ چونسٹھ اعشاریہ بہتر فیصد تک جاپہنچی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے ایشائی مارکیٹ بھی نہ بچ سکی۔جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں نکئی 225 ایک اعشاریہ نو ایک فیصد کمی کیساتھ 23 ہزار 204 اعشاریہ 86 پر بند ہوئی۔ ہانگ کانگ اور جنوبی کوریا کی مارکیٹوں میں بھی مندی دیکھی گئی۔ بڑی مشکل سے اپنے پاؤں پر کھڑی ہونے والی پاکستانی مارکیٹ کو بھی جھٹکا لگ گیا۔ اسٹاک ایکس چینج 42 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے گرگئی۔ ہنڈرڈ انڈیکس ایک ہزار ستائس پوائنٹس کی کمی کیساتھ اکتالیس ہزار دو سو چھیانوے  پوائنٹس کی سطح پرآگیا۔ کاروبار کے دوران تین سو نو کمپنیوں کے شیئر میں گراوٹ دیکھی گئی۔ سونے کی قدر نے ملک میں نئی تاریخ رقم کردی، فی تولا سونا چھبیس سو روپے بڑھ کر ترانوے ہزار چار سو روپے کا ہوگیا۔ 10 گرام سونے کی قدر دو ہزار دو سو تیس روپے اضافے کے بعد اسی ہزار پچھتر رروپے ہوگئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قدر چھ ڈالر اضافے کے بعد 1578 ڈالر فی اونس ہوگئی۔