Tuesday, April 23, 2024

امریکا اور یورپ میں شدیدبرفباری، نظام زندگی مفلوج

امریکا اور یورپ میں شدیدبرفباری، نظام زندگی مفلوج
January 8, 2017

روم (ویب ڈیسک) دنیا کے بیشتر ممالک میں خون جما دینے والی سردی کا راج ہے۔ کئی یورپی ممالک میں شدید برف باری نے نظام زندگی منجمد کر دیا۔ متعدد یورپی ملکوں میں ہزاروں پروازیں منسوخ، امریکا میں برفانی طوفان کے خطرے نے سینکڑوں پروازیں منسوخ اور اسکول بند کرا دیے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کی جنوبی اور مشرقی ریاستیں شدید برف باری کی لپیٹ میں ہیں اور کئی ریاستوں میں برفانی طوفان کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔ الاباما، جارجیا، لوزیانا اور پنسلوینیا سمیت دیگر جنوب اور جنوب مشرقی ریاستوں میں برفانی طوفان سے بچنے کے لئے انتظامات کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

ان ریاستوں میں مزید آٹھ انچ تک برف باری اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ اس صورت حال کے باعث مختلف ریاستوں میں تین ہزار دوسو پروازیں منسوخ کی گئی ہیں اور اسکولوں میں چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

ادھر ترکی کے شہر استنبول میں رات بھر ہونے والی برف باری نے شہر کو سفید چادر اوڑھا دی۔ عمارتیں، گلیاں، سڑکیں اور گاڑیاں برف سے ڈھک گئیں۔ سینکڑوں پروازیں منسوخ کرنا پڑیں اور شہر سے دوسرے صوبوں کو جانے والے راستے بند ہوگئے۔

آبنائے باسفورس کو بھی بحری جہازوں کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح یورپ کے کئی ممالک کو برفانی طوفان کا سامنا ہے۔ ترکی، اٹلی، پولینڈ، بلغاریہ سمیت کئی ملکوں میں ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اٹلی، پولینڈ، بلغاریہ اور امریکا میں برف باری سے متاثرہونے والے بیس افراد ہلاک ہو گئے۔