Monday, May 13, 2024

امریکا اور یورپ میں برفباری سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا

امریکا اور یورپ میں برفباری سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا
January 23, 2019
نیو یارک ( 92 نیوز) دنیا کے کئی ممالک میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ امریکا اور یورپی ممالک میں درجہ حرارت نقطہ انجماد  سے نیچے گرنے اور کئی کئی انچ برف پڑنے  کی وجہ  سے معمولات زندگی بری طرح متاثر  ہے۔ دوسری جانب کینیڈا میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث نیاگرا فالس بھی منجمد ہونا شروع ہوگئیں ہیں۔ امریکا کی شمال مشرقی اور شمالی ریاستوں میں کئی کئی انچ  برف پڑنے  سے نظام  زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے  جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید برف باری کی پیش گوئی کررکھی ہے ۔ نیشنل ویدر سروس کے مطابق  برف کا یہ  طوفانی سلسلہ مغرب سے مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، قطب شمالی سے چلنے والی ہواؤں کے نتیجے میں طوفان شدت اختیار کر چکا ہے۔ پورپی ملک بیلجیئم میں سردی کی پہلی برف باری سے ہر شے نے سفید چادر اوڑھ لی جس سے معمولات زندگی تو متاثر ہوئےمگر شہریوں کی بڑی تعداد موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے باہر نکل آئی۔ جبکہ خوشبوؤں کے شہر پیرس میں بھی  سردی کی پہلی برف شہر کی خوبصورتی کو چار چاند لگادئیے ہیں۔ فرانس کے شمالی اور وسطی حصے میں اورنج الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ادھر کینیڈا میں موجود نیاگرا فالز پر بھی شدید سردی کا اثر  پڑنے لگا ، جس کے بعد نیاگرا فالز  بھی منجمد ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ ہر سو پھیلی یہ سفید چادر قدرت کی خوبصورت تخلیق اور اس موسم کی خوبصورتی کا بھی منہ بولتا ثبوت  ہے۔