Thursday, May 9, 2024

امریکا اور چین کے درمیان تجارتی تناؤ میں کمی آگئی

امریکا اور چین کے درمیان تجارتی تناؤ میں کمی آگئی
January 14, 2020
واشنگٹن ( 92 نیوز) امریکا اور چین کے درمیان تجارتی تناؤ میں کمی آ گئی ، تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے پر دستخط سے قبل  امریکا نے چین کو کرنسی کی قدر پر اثرانداز ہونے والے ممالک کی فہرست سے نکال دیا۔ چین امریکا کشیدگی میں کمی آنے لگی، امریکی محکمہ خزانہ نے کانگریس کو جمع کرائی گئی  تجارتی شراکت دار ممالک کی میکرو اکنامک اور ایکسچینج ریٹ پالیسیوں پرششماہی رپورٹ میں سے چین کا نام نکال دیا۔ امریکی وزیر خزانہ سٹیون منوچن کا کہنا ہے کہ تجارتی معاہدے کے تحت چین نے مقابلہ بازی میں اپنی کرنسی کی قدر گرانے اور ایکسچینج ریٹ پر اثر انداز ہونے سے گریز کرنے کا وعدہ کیا ہے جبکہ ایکسچینج ریٹ اور درآمد و برآمد کے توازن یعنی ایکسٹرنل بیلنس بارے معلومات شائع کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ واضح رہے کہ امریکا اور چین گزشتہ ماہ طے پانے والے تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے پر  کل دستخط کریں گے۔ جب کہ اس حوالے سے چین کے نائب وزیراعظم لیو ہی بھی واشنگٹن پہنچ چکے ہیں۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے پر دستخطوں کے بعد امریکی کسانوں کو بڑا ریلیف ملے گا، خاص طور پر سویا بین کے کاشت کاروں کو۔ نئے معاہدے کے مطابق امریکا چینی مصنوعات پر سے ٹیرف ختم کرے گا ، جواب میں چین امریکی زرعی مصنوعات کی خرید بڑھائے گا۔