Friday, March 29, 2024

امریکا اور طالبان معاہدے کا مشکلات کے باوجود حل نکل آئیگا، شاہ محمود

امریکا اور طالبان معاہدے کا مشکلات کے باوجود حل نکل آئیگا، شاہ محمود
August 25, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) افغان طالبان وفد کے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے مذاکرات ہوئے، شاہ محمود قریشی کہتے ہیں ملاقات میں امریکا اور طالبان معاہدے کو حتمی شکل دینے پر بات ہوئی، امید ہے مستقبل قریب میں مشکلات کے باوجود راستہ نکل آئے گا۔ افغان طالبان کا وفد ملا عبدالغنی کی قیادت میں وزارت خارجہ پہنچا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے استقبال کیا۔ وفد نے طالبان اور امریکا میں ہونیوالے معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا افغان طالبان وفد سے مذاکرات بارے کہنا تھا کہ افغان طالبان کے وفد کے ساتھ بہت مثبت اور تعمیری گفتگو ہوئی۔ وفد کے پاکستان کے بارے میں بہت مثبت خیالات ہیں۔ شاہ محمود نے کہا کہ مذاکرات میں 2019ء تک اب تک امن مذاکرات کا جائزہ لیا گیا، پاکستان کا ہمیشہ موقف رہا افغانستان کا فوجی حل نہیں، میں پرامید ہوں مستقبل قریب میں امریکا اور طالبان معاہدے کا حل نکل سکتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ طالبان وفد سمجھتا ہے مشکلات کا مذاکرات سے حل نکل سکتا ہے، مجھے توقع ہے آج کی نشست سے مثبت راستہ نکلے گا، طالبان وفد دوحہ معاہدے پر مکمل کاربند ہے۔ وزیر خارجہ نے افغانستان اور وہاں کی عوام کے لیے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آپ کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہے، ہمیں علم ہے آپ کے ذہنوں کو گاہے بگاہے منتشر کیا جاتا ہے، ہم آپ کے ملک کو متحد دیکھنا چاہتے ہیں، ہم وہاں امن دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن سے کاروبار کے مواقع پیدا ہوں گے، ہم ملکر اپنے اور اپنے بچوں کے لیے ایک بہتر مستقبل بنا سکیں گے۔ پاکستان اپرمن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔