Monday, September 16, 2024

امریکا اور بھارت نے اپنے سفارتخانوں میں جدید آلات نصب کرکے ایوان وزیر اعظم کی جاسوسی شروع کر دی

امریکا اور بھارت نے اپنے سفارتخانوں میں جدید آلات نصب کرکے ایوان وزیر اعظم کی جاسوسی شروع کر دی
February 9, 2016
اسلام آباد(92نیوز)امریکا اور بھارت  نے  اپنے  سفارت خانوں  میں  جدید آلات نصب کرکے ایوان وزیراعظم کی جاسوسی شروع کردی حساس ادارے حرکت میں آگئےجبکہ  وزیراعظم کو کل بریفنگ دی جائے گی۔ تفصیلات کےمطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین رحمان ملک نے کچھ عرصہ پہلے ایوان بالا میں اس معاملے کو اٹھایا اور کمیٹی میں بھی متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کی۔ تاہم کافی عرصہ گزرنے کے باوجود حساس معاملے پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی تو وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ایوان وزیراعظم اور ہاوس کی جاسوسی کی رپورٹس کا نوٹس لے لیا اور ڈی جی آئی بی سے رپورٹ طلب کر لی۔ ذرائع نے بتایا کہ حساس اداروں نے وزیراعظم کو ایک رپورٹ دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ اور بھارت نے اپنے سفارت خانوں میں جدید جاسوسی آلات  نصب کر رکھے ہیں جو وزیر اعظم ہاوس اور آفس میں ہونے والی گفتگو کو ٹیپ کرتے ہیں، ان آلات کے سگنلز اتنے مضبوط ہیں کہ ہمارا سسٹم  فرسودہ ہونے کے باعث ان سگنلز کو روک نہیں سکتا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس حساس معاملے  پر  ڈی جی آئی بی وزیراعظم کو بریفنگ دینگے  جس میں امریکہ اور بھارت کی جانب سے جاسوسی کرنے کے معاملے پر اب تک کی معلومات پر بھی رپورٹ دی جائے گی اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا کہ اس معاملے کو کیسے روکا جائے جب کہ دوسری جانب حکومت دفتر خارجہ کے ذریعے دونوں ممالک سے جاسوسی کا معاملے کو اٹھائے گی۔