Thursday, April 25, 2024

امریکا اور ایران نے ایک دوسرے کی فوج کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرلیا

امریکا اور ایران نے ایک دوسرے کی فوج کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرلیا
April 9, 2019

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا اور ایران نے ایک دوسرے کے خلاف  بڑے فیصلے کرتے ہوئے  ایک دوسرے کی فوج کو دہشتگردوں کی فہرستوں میں شامل کر دیا۔

تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں  ملتی جس میں امریکا نےکسی دوسرے ملک کی کسی منظم فورس کودہشت گرد قرار دیا ہو۔

امریکا کے صدر ٹرمپ کاکہنا ہے کہ ایران نہ صرف دہشتگردی کو فروغ دیتاہے بلکہ پاسداران انقلاب ریاستی حکمت عملی کےطورپر دہشتگردی کو فروغ اور اس کیلئے فنڈنگ کرتے ہیں۔

ٹرمپ  کا مزید کہنا ہے کہ فیصلے کا مقصد ایران پر دباؤ بڑھانا ہے۔انہوں نےواضح کیاکہ جو بھی پاسداران انقلاب سے رابطہ رکھے گا وہ دراصل دہشتگردی کو فروغ دے گا۔

دوسری جانب امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کہتے ہیں پاسداران انقلاب کے خلاف فیصلےپر ایک ہفتے میں عملدرآمد ہوگا۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ امریکی اتحادی بھی ایسا ہی کریں گے۔

امریکا کے اس فیصلے پر جوابی وارکرتےہوئے ایرانی سپریم سکیورٹی کونسل نے امریکی حکومت اور امریکی فوج دونوں کودہشت گردقراردے دیا۔

ایرانی وزیرخارجہ جوادظریف نے امریکی صدر کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا اسرائیل میں گمراہ کن انتخابات سے قبل نیتن یاہو کو تحفہ دیا گیا اور امریکا نے خطے میں ایک  خطرناک اور غفلت بھری مہم جوئی کی کوشش کی ہے۔