Friday, May 10, 2024

امریکا اور افغان طالبان ایک بار پھر مذاکرات پر رضا مند

امریکا اور افغان طالبان ایک بار پھر مذاکرات پر رضا مند
October 6, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) افغانستان میں دیر پا قیام امن کے لئے امریکا اورافغان طالبان کے مابین مذاکرات میں تعطل کے بعد پہلا باضابطہ رابطہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں ہوا، امریکا اور افغان طالبان ایک بار پھر مذاکرات پر رضا مند ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے، اس سے قبل دونوں فریقین کے مابین مذاکرات کے کئی ادوار ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں افغان سرزمین پر دیرپا قیام امن، پرتشدد ماحول کے خاتمے پر گفتگو کی گئی، دونوں جانب سے تعطل کے شکار مذاکرات کی بحالی پر جزوی رضا مندی بھی ظاہر کر دی گئی ہے۔ امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کیلئے تاحال کوئی فریم ورک طے نہیں ہوا، افغان طالبان اپنی شوریٰ، زلمے خلیل زاد ، ٹرمپ انتظامیہ سے مشاورت کے بعد آئندہ لائحہ عمل اپنائیں گے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد دورہ پاکستان کے بعد واشنگٹن روانہ ہوچکے ہیں جبکہ افغان طالبان کا وفد آج کسی بھی وقت پاکستان سے روانہ ہو جائے گا۔