Friday, April 26, 2024

امریکا اوراسکے شہریوں کا ہرحال میں تحفظ کرینگے: ٹرمپ

امریکا اوراسکے شہریوں کا ہرحال میں تحفظ کرینگے: ٹرمپ
March 1, 2017

نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں امریکہ اور اس کے شہریوں کا ہر حال میں تحفظ کرینگے، جرم کرنے والے تارکین وطن کو نکال باہر کرینگے۔ اب امریکہ سب سے مقدم ہو گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بننے کے بعد پہلی مرتبہ کانگریس سے خطاب کیا۔

صدر کے خطاب کے موقع پر ریپبلکن اور ڈیموکریٹ اراکین پارلیمنٹ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ میں ترقی کا نیا دور شروع کرینگے، امریکہ اپنے شہریوں کو سب سے مقدم رکھے گا، صرف اسی صورت امریکہ دوبارہ عظیم بنے گا، ابھی اقتدار میں آئے ایک مہینہ ہوا ہے، کئی بڑی کمپنیوں نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے، انکے اقتدار میں آنے کے بعد سٹاک مارکیٹ نے ریکارڈ بزنس کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے یہودی قبرستانوں کی توڑ پھوڑ کی مذمت کی اور کہا شخصی، مذہبی آزادیوں کو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کرینگے۔ اسرائیل کے ساتھ کبھی نہ ٹوٹنے والے اتحاد کا اعلان کرتا ہوں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں داعش کیخلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ داعش کو ختم کرنے کیلئے اپنے اتحادیوں سے مل کر کام کرینگے، داعش کیخلاف اتحادی مسلمان ملکوں کی بھی مدد لیں گے۔ اسلامی شدت پسندی کیخلاف کام کرینگے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نائن الیون کے بعد اکثر دہشت گردی کے حملے باہر کے ملکوں کے لوگوں نے کئے۔ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ اپنی سرحدوں پر قانون کی حکمرانی یقینی بنائیں گے۔ بہت جلد میکسیکو کی سرحد پر ایک عظیم دیوار کی تعمیر شروع کر دینگے۔ ان کا مقصد امریکی شہریوں کو ہر طرح سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ’’امریکی مال خریدو، امریکی خدمات حاصل کرو‘‘ ہمارا نیا نعرہ ہو گا۔