Friday, May 10, 2024

امریکا آج جتنا طاقتور ہے پہلے کبھی نہ تھا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکا آج جتنا طاقتور ہے پہلے کبھی نہ تھا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ
February 5, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکا آج جتنا طاقتور ہے پہلے کبھی نہ تھا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کی واپسی کیلئے کام کررہے ہیں، کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے چینی حکومت کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ تقریر سے قبل اور اختتام پر ڈونلڈ ٹرمپ اور سپیکر ایوان نمائندگان نینسی پلوسی کی ایک دوسرے سے چپقلش کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں حسب روایت ایک بار پھر اپنی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے، کہا کہ تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار میں سرفہرست ملک بن چکے ہیں، سرحدیں اور معیشت ماضی سے بہتر اور مضبوط ہوگئی ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے تین سالہ دور حکومت میں بیروزگاری کی شرح کم ترین درجے پر آگئی ہے، ضرورت مندوں کو مواقع مل رہے ہیں، جبکہ نوکریوں سے نکالنے کا سلسلہ بھی ختم ہوچکا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں ماضی کی حکومتوں پر خوب نشتر چلائے، تنقید کرتے کہا کہ اگر وہ بھی ماضی کی پالیسیاں جاری رکھتے تو آج امریکا میں یہ سب کچھ نہ ہوتا۔ افغانستان کا ذکر کرتے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوجیوں کے بلند حوصلے اور بہادری کی وجہ سے امن مذاکرات ممکن ہوئے، وہ امریکا کی اس طویل ترین جنگ کو ختم کرنے اور اپنے فوجیوں کو واپس لانے کیلئے کام کررہے ہیں۔ امریکی صدر نے اپنے خطاب میں کرونا وائرس پر بات کرتے کہا وہ اس معاملے پر چینی حکومت سے رابطے میں ہیں، ان کی انتظامیہ شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ سٹیٹ آف دی یونین خطاب انتہائی کشیدہ ماحول میں ہوا،، جس کا متعدد ڈیموکریٹس نے بائیکاٹ کررکھا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریر کی کاپی دیتے وقت سپیکر ایوان نمائندگان سے مصافحہ بھی نہیں کیا۔ صدر ٹرمپ کا خود تعریفی پر مبنی خطاب ختم ہوتے نینسی پلوسی نے تقریر کی کاپی ٹکرے ٹکرے کردی، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ اس ساری صورتحال کو نظرانداز کرنے کی کوشش کرتے ہوئے نکل گئے۔