Thursday, April 25, 2024

امدادی پیکج وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر دیں گی: وزیراعظم

امدادی پیکج وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر دیں گی: وزیراعظم
October 29, 2015
داسو (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کو کمبل اور خوراک کی فراہمی شروع کردی ہے۔ زلزلہ متاثرین کو پیر سے مالی امداد شروع کردی جائیگی، متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے داسو میں زلزلہ متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جان کا کوئی معاوضہ نہیں ہوتا۔ جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کو پیر سے امدادی رقم ملنا شروع ہوجائیگی، زلزلہ متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ امدادی پیکج وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر دیں گی، متاثرہ علاقوں کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ امدادی پیکج صرف خیبر پختونخوا کے لیے نہیں ان تمام علاقوں کے لیے ہے جو زلزلے میں متاثر ہوئے ہیں۔ شمالی علاقوں میں شرح خواندگی کم ہے، نئے اسکولز اور کالج بنائے جائیں گے تاکہ تعلیم کے زیور کو عام کیا جاسکے۔ قبل ازیں وزیراعظم زلزلہ سے متاثرہ علاقے داسو پہنچے تو انہیں زلزلے سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیرا عظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور وزیر اطلاعات پرویز رشید بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے حکام سے اب تک کی کارروائیوں کے حوالے سے استفسار کیا جس پر انہیں بتایا گیا کہ زلزلے کے ساتھ ہی امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی تھیں۔ زلزلے سے مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ وزیرا عظم کو بتایا گیا کہ داسو میں زلزلے سے 12 افراد جاں بحق ہوئے، دشوار گزار راستوں کی وجہ سے علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم نے بروقت انتظامات نہ کرنے پر ڈی سی کی سرزنش بھی کی۔