Sunday, September 8, 2024

امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری اور اویس شاہ کی بازیابی بڑا چیلنج ہے: وزیراعلیٰ سندھ

امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری اور اویس شاہ کی بازیابی بڑا چیلنج ہے: وزیراعلیٰ سندھ
July 16, 2016
کراچی (92نیوز) وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس شاہ کی باحفاظت بازیابی اور امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری حکومت کے لیے بڑا چیلنج ہے ۔ رینجرز اور پولیس مل کر دونوں کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس شاہ کے اغوا کے معاملہ اور امجد صابری قتل کیس پر جائزہ لینے کے لیے اجلاس وزیر اعلی ہاوس میں ہوا۔ وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے اجلاس کی صدارت کی۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے صاحبزادے کے اغوا کے معاملے اور امجد صابری قتل کیس میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلی سندھ کو دونوں کیسز میں کی گئی گرفتاریوں اور تحقیقات میں ملنے والے شواہد پر بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلی نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی سندھ نے کابینہ میں کسی بھی قسم کے ردوبدل کی تردید بھی کی۔ صوبائی وزیر داخلہ سہیل سیال، وزیرخزانہ مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ اور قیوم سومرو بھی اجلاس میں شریک تھے۔