Sunday, May 12, 2024

امام حسین علیہ السلام کی یاد میں ملک بھر میں نویں محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا

امام حسین علیہ السلام کی یاد میں ملک بھر میں نویں محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا
August 18, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد، ملک بھر میں نویں محرم الحرام کی مجالس اور جلوس کا اہتمام کیا گیا، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت شہر شہر شبیہ ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے۔ جلوس مقررہ راستوں سے گزر کر اپنی منزل پر اختتام پذیر ہوئے۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں 9 ویں محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے، ملتان، سرگودھا، اٹک، ساہیوال اور دیگر شہروں میں جلوسوں میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ جلوس کے شرکاء نے امام حسینؑ اور دیگر شہداء کیلئے عزاداری کی۔

ملتان کے علاقے ممتاز آباد سے مرکزی جلوس نکالا گیا جو اپنی منزل پر جاکر اختتام پذیر ہوگیا۔ اٹک میں سید اعجاز شاہ کے ڈیرے سے مرکزی جلوس نکلا جو منزل پر جاکر اختتام پذیر ہوا۔

سرگودھا میں9  محرم الحرام کا مرکزی جلوس بلاک 23 سے برآمد ہوا، ساہیوال میں مرکزی جلوس میں بھی ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

منڈی بہاؤالدین میں 9 محرم کا مرکزی جلوس صوفی پورہ سے بر آمد ہوا، شرکاء کے لئے جگہ جگہ لنگر اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔

علی پورچٹھہ شہر اور مضافات میں 100 سے زائد جلسوس برآمد ہوئے۔

سندھ کے مختلف شہروں سے بھی جلوس برآمد ہوئے جو مقررہ مقامات پر جاکر اختتام پذیر ہوگئے۔

بلوچستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی ہزاروں افراد نے عزاداری کی۔

خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر سے بھی شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں سیکڑوں جلوس نکالے گئے۔

ملک بھر میں حساس مقامات پر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی لگائی گئی جبکہ موبائل فون سروس معطل رہی، جلوس ختم ہونے کے بعد بعض مقامات پر موبائل فون سروس بحال کردی گئی۔