Thursday, May 2, 2024

الیکٹیبلز ہی تمہاری مجبوری تھے تو 20 کروڑ عوام کو ذلیل کیوں کیا؟، ڈاکٹر طاہر القادری

الیکٹیبلز ہی تمہاری مجبوری تھے تو 20 کروڑ عوام کو ذلیل کیوں کیا؟، ڈاکٹر طاہر القادری
June 24, 2018
لاہور (92 نیوز) ڈاکٹر طاہر القادری تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر برس پڑے اور انہوں نے کہا تبدیلی کی بات کرنے والو سنو! اگر الیکٹیبلز ہی تمہاری مجبوری تھے تو بیس کروڑ عوام کو ذلیل کیوں کیا؟ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا تماشا کیوں لگایا اور دھرنے کیوں دیئے؟ ایک طرح کے چہرے ہر بار ہر اسمبلی میں نظر آتے ہیں، الیکٹیبلز پہلوں کی بھی مجبوری تھے،آپ کی بھی مجبوری ہے، چور، ڈاکوؤں،لٹیروں،کرپٹ چہروں کو پھر پارلیمنٹ جاتا دیکھ رہا ہوں۔ خدا جانے یہ مذاق کب تک ہوتا رہے گا۔ ادھر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے 2018ء کے انتخابی عمل سے علیحدگی کا باقاعدہ اعلان کیا۔ علامہ طاہر القادری نے کہا کہ عام انتخابات کے لیے نہ ٹکٹ جاری کریں گے نہ کوئی مہم چلائیں گے، بلکہ جمع کروائے گئے کاغذاتِ نامزدگی بھی واپس لے لیں گے۔ انتخابی عمل سے علیحدگی کی وجوہات بتاتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ایسے انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں جس میں آئین کی بالادستی نہ ہو،موجودہ نظام کرپٹ افراد کو تحفظ دیتا ہے اور آئین کی دفعات باسٹھ تریسٹھ کا قتل عام ہوتا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے موجودہ نظام کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے اس کے خاتمے کے لیے اصولی جدو جہد جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا، ساتھ ہی چیف جسٹس آف پاکستان سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کا فیصلہ 15 روز سے زائد گذر جانے کے باوجود نہ ہونے کا گلہ بھی کر ڈالا۔