Monday, September 16, 2024

الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں منگوالی ہیں ضمنی انتخابات میں انکا تجربہ کیا جائے گا : زاہد حامد

الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں منگوالی ہیں ضمنی انتخابات میں انکا تجربہ کیا جائے گا : زاہد حامد
August 6, 2016
لاہور(92نیوز)وفاقی وزیرقانون زاہدحامد خان کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں منگوالی ہیں اور ضمنی انتخابات میں اس کا تجربہ بھی کیا جائے گا۔ قومی احتساب بیورو کے بجائےخصوصی کمیشن بنانے کا سوچ رہے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق لاہور میں سپریم کورٹ بار کے زیراہتمام قوانین میں اصلاحات کے بارے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون زاہدحامد نے کہا کہ انسانی حقوق کے بھی کئی بل تیار کیے ہیں جن میں غیرت کے نام پر قتل کا بل آئندہ اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں منگوالی ہیں اور ضمنی انتخابات میں اس کا تجربہ کیا جائے گا۔ زاہدحامدنے کہا کہ شام کے وقت بھی عدالتوں کے کام کرنے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو کے بجائے کمیشن بنانے کا بھی سوچ رہے ہیں۔ صدر سپریم کورٹ بار بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہمارے قوانین نئے تقاضوں کے مطابق نہیں جب قانون سازی نہ ہو تو لوگ جمہوریت سے مایوس ہو جاتے ہیں اس لیے قوانین میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ قوانین میں اصلاحات کے بل پر کام جاری ہے جس میں سول مقدمات کو دو سال اور فوجداری مقدمات کو اڑھائی برس میں ختم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔