Friday, April 26, 2024

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ہیک نہیں کیا جا سکتا ، شبلی فراز

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ہیک نہیں کیا جا سکتا ، شبلی فراز
August 11, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر سائنس شبلی فراز کا کہنا ہے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ہیک نہیں کیا جا سکتا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں نئی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی رونمائی کی گئی۔ وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری اور دیگر ارکان  کو مشین پر بریفنگ دی۔

 سپیکر  قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی استعمال ہو رہی ہے یہاں بھی استعمال ہونی چاہیے۔ تمام سیاسی جماعتیں الیکٹرونک ووٹنگ مشین کا جائزہ لیں۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کا وقت آگیا ہے ۔ دھاندلی کے خاتمہ کا واحد طریقہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین ہے۔

شبلی فراز نے مشین کی افادیت کے حوالے کہا  آر ٹی ایس کا نظام اس نظام کے آنے سے ختم ہو جائے گا۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے پر فارم 45 پرنٹ ہو کر سامنے آجائے گا۔ ای ووٹنگ مشین میں کوئی اضافی ووٹ ڈالا جاسکے گا نہ کم کیا جاسکے گا۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو یو ایس بی لگے گی نہ بلیوٹوتھ۔ مشین سائبراٹیک کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ سیاسی جماعتیں ای وی ایم کو انا کا مسئلہ نہ بنائیں۔

وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی کا مزید کہنا تھا کہ الیکٹرونک ووٹنگ کے حوالے سے سیاسی فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے یہ دیکھنا ہے کہ مشین ان کے تقاضے پورے کرتی ہے یا نہیں۔