Sunday, May 12, 2024

الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں کچھ خفیہ نہیں ، شبلی فراز

الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں کچھ خفیہ نہیں ، شبلی فراز
August 17, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا ہے الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں کچھ خفیہ نہیں۔ تیاری میں تمام پہلو مد نظر رکھے گئے۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ان کیمرہ ڈیمو کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبران و سیکرٹری شریک ہوئے ۔ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ٹیکنیکل ٹیم کی جانب سے الیکشن کمیشن کو ای وی ایم پر بریفنگ دی گئی۔

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے تیار کی گئی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خصوصیات پر مبنی ویڈیو دکھائی گئی ۔ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی الیکشن کمیشن کو پریکٹیکل ڈیمو دیا گیا۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن سے فری فیئر اور بناء کسی تنازعے پر اتفاق کیا گیا۔ 2023 کے الیکشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہونگے ۔ ضرورت پڑی تو مزید الیکشن کمیشن کے ساتھ میٹنگز کرتے رہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا چاہے الیکشن ہمارے خلاف آجائے لیکن الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے الیکشن ہونا چاہیے۔

سینیٹر شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ ہم منصفانہ اور آزادانہ انتخابات میں الیکشن کمیشن کی مدد کرنا چاہتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن عہدے داران نے 75 کے قریب سوالات کیے۔ کوئی ایسا سوال نہیں تھا جس کا ہمارے پاس جواب نہ ہو۔