Saturday, April 20, 2024

الیکشن کمیشن کے قوانین کی دھجیاں، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا سرکاری پروٹوکول کیساتھ دورہ لاڑکانہ

الیکشن کمیشن کے قوانین کی دھجیاں، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا سرکاری پروٹوکول کیساتھ دورہ لاڑکانہ
October 31, 2015
لاڑکانہ (نائنٹی ٹو نیوز) سندھ میں بھی عوامی حکومت یعنی مقامی حکومت بننے جا رہی ہے لیکن عوام کو سہانے سپنے دکھانے والے سیاستدان شاہانہ زندگی سے باہر نہ نکل سکے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ آئے تو ان کے لمبے چوڑے قافلے نے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔ عوام کی سکیورٹی کا معاملہ ہو توحکومت کے پاس وسائل کی کمی کا بہانہ ہوتا ہے لیکن سیاستدانوں کی سیکورٹی کے لئے کوئی کمی نہیں ہوتی۔ ایسا ہی کچھ ہوا پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لاڑکانہ دورے کے دوران جہاں گاڑیوں کا قافلہ کیا تھا گویا شیطان کی آنت ۔ بلاول بھٹو بلدیاتی انتخابات سے ایک روز قبل اپنی بہن بختاور کے ہمراہ سرکاری پروٹوکول کے ساتھ لاڑکانہ شہر پہنچے تو اُن کے قافلے میں پندرہ پولیس موبائلیں اور پندرہ سے زائد دیگر سرکاری گاڑیاں بھی موجود تھیں۔ بلاول بھٹو کے لاڑکانہ دورے پر ان کے آگے پیچھے سرکاری گاڑیاں دوڑتی رہیں جبکہ سکیورٹی اہلکار ان کے دائیں بائیں بھاگ بھاگ کر ہلکان ہو گئے۔ یوں نہ صرف الیکشن کمیشن کے قوانین کی دھجیاں اڑا دی گئیں بلکہ حکمرانوں کی عوام دوستی کے دعوے کا پول بھی کھل گیا۔ بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ کا دورہ کر کے نوڈیرو روانہ ہو گئے جہاں وہ وارڈ نمبر چار میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔