Thursday, March 28, 2024

الیکشن کمیشن کی درخواست پر آزاد کشمیر انتخابات کیلئے فوج تعینات

الیکشن کمیشن کی درخواست پر آزاد کشمیر انتخابات کیلئے فوج تعینات
July 23, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن کی درخواست پر آزاد کشمیر انتخابات کیلئے فوج تعینات کر دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کو کوئیک ری ایکشن کی طرز پر 26 جولائی تک تعینات رکھا جائے گا۔ تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی۔

ممبر الیکشن کمیشن آزاد کشمیر فرحت علی میر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہماری ذمہ داری ہے کہ لوگ ووٹ کا حق شفاف اور آزادانہ طور پر استعمال کریں۔ مسئلہ کشمیر کے تناظر میں آزاد کشمیر میں شفاف پارلیمانی نظام کی ضرورت سب کے سامنے ہے۔ مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔ سال 2018 میں مہاجرین کی نشستوں پر سوال اٹھے تھے۔ ترمیم کے بعد مہاجرین کی نشستوں کو آئینی تحفظ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا چترال میں کوئی ایک ووٹر بھی ہے تو وہاں پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں۔ مہاجرین کے ووٹ پورے پاکستان میں پھیلے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن پاکستان نے حسب سابق ہمیں عملہ فراہم کیا۔ مہاجرین کی نشستوں پر بھی سکیورٹی انتظامات آزاد کشمیر جیسے ہی ہونگے۔ حکومت پاکستان نے فوج تعینات کر دی ہے تاکہ امن برقرار رکھا جا سکے۔ مجموعی طور پر 32 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دیہی استعمال کرینگے۔ مرد ووٹرز 17 لاکھ ، خواتین 14 لاکھ سے زائد ہیں۔

فرحت علی میر کا کہنا ہے آزاد کشمیر الیکشن میں 829 پولنگ اسٹیشن حساس ترین اور 1200 حساس پولنگ سٹیشنز ہیں ۔ اونچ نیچ کسی بھی پولنگ سٹیشن پر ہو سکتی ہے ۔ الیکشن کمیشن کا حکم ہائی کورٹ کے آرڈر کے برابر ہی تصور ہو گا ۔ کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل کرانا ریٹرننگ افسر اور ڈی آر او کا کام ہے۔

فرحت علی میر نے کہا الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے۔ کسی قسم کی بھی غلطی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ پاک فوج الیکشن ڈیوٹی پر نہیں آنا چاہ رہی تھی۔ تمام سیاسی جماعتوں نے فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔ انتخابی عمل سے فوج کا کوئی تعلق نہیں ہو گا۔ پولنگ سٹیشن کے اندر کوئی سکیورٹی اہلکار نہیں ہو گا۔ فوج کوئک رسپانس فورس کے طور پر تعینات رہے گی۔ آزاد کشمیر کے انتخابات جوڈیشل افسران کروا رہے ہیں۔ پریذائڈنگ افسران ووٹ گنتی کے بعد نتائج کی کاپی پولنگ ایجنٹس کو دے گا۔ پریذائڈنگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ نتائج کی کاپی وٹس ایپ بھی کی جائے۔