Thursday, March 28, 2024

الیکشن کمیشن کی ای وی ایم مشینوں کے حوالے سے تیاریاں شروع

الیکشن کمیشن کی ای وی ایم مشینوں کے حوالے سے تیاریاں شروع
December 2, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے ای وی ایم مشینوں کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دیں۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے حوالے سے اہم پیش رفت ہو گئی۔ چیف الیکشن کمیشن کی ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سے ملاقات  ہوئی۔ ملاقات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کیلئے اسٹورج ، فیلڈ دفاتر ، پراجکٹ منجمنٹ کی جگہ سمیت اہم امور پر بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پراجکٹ منجمنٹ کیلئے 20 افراد کی بھرتی ، ای وی ایم کی اسٹوریج کیلئے جگہ اور امارت کیلئے 2 کروڑ 23 لاکھ روپے کی منظوری دیدی۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کی اسٹوریج  منصوبے کی منظوری پلاننگ کمیشن سے مانگ لی ہے جس پر پلاننگ کمیشن نے جنوری، فروری میں  اسٹوریج منصوبے کی منظوری دلانے کی یقین دھانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے منصوبے کی این ای سی میں مکمل حمایت کریں گے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کی تین سے چار لاکھ تعداد کو اسٹور کرنا ہو گا۔ الیکشن کمیشن کے پنجاب میں فیلڈ دفاتر کی تعمیر کے لیے فنڈز کی تاحال منظوری بھی نہیں ہو سکی ۔

دوسری طرف الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پراجیکٹ کے لئے بڑی اکیڈمی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ای وی ایم کے پراجیکٹ کے لئے الیکشن کمیشن کی لیگل آئی ٹی ٹیم کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔