Tuesday, March 19, 2024

الیکشن کمیشن کی اعظم سواتی کے وکیل کو شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کیلئے 15 دن کی مہلت

الیکشن کمیشن کی اعظم سواتی کے وکیل کو شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کیلئے 15 دن کی مہلت
October 26, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن میں اعظم خان سواتی کے سنگین الزامات کے معاملے پر سماعت ہوئی، اعظم سواتی کے وکیل کو شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کے لئے 15 دن کی مہلت دیدی گئی۔

الیکشن کمیشن کے دو رکنی بنچ نے اعظم سواتی کے سنگین الزامات کے معاملے پر سماعت کی۔ وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

دوران سماعت اعظم سواتی کے معاون وکیل نے الیکشن کمیشن سے مہلت طلب کرتے ہوئے کہا کہ شوکاز نوٹس کا جواب دینے کے لیے ایک ماہ کا وقت مانگ لیا۔ بیرسٹر علی ظفر اسلام آباد میں موجود نہیں، وہ اعظم سواتی کی جانب سے جواب داخل کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے15  دن کے اندر شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 11 نومبر تک ملتوی کر دی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان سواتی کا کہنا تھا کہ میرے پیش ہونے سے الیکشن کمیشن کا وقار مضبوط ہوا ہے۔ خوشی ہے کسی چوری ڈاکے کے کیس میں پیش نہیں ہو رہا۔

الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی سے الزامات لگانے کے ثبوت مانگ رکھے ہیں۔ گزشتہ سماعت پر بھی اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔