Friday, May 3, 2024

الیکشن کمیشن کا عام  انتخابات میں غفلت برتنے والے ریٹرننگ افسران  کے خلا ف کارروائی کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کا عام  انتخابات میں غفلت برتنے والے ریٹرننگ افسران  کے خلا ف کارروائی کا فیصلہ
August 3, 2015
اسلام آباد(92نیوز)الیکشن کمیشن نے جوڈیشل کمیشن رپورٹ کی روشنی میں غفلت اور کوتاہی برتنے والے تمام ریٹرننگ افسروں  اور متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے خفیہ طور پرانتخابی عمل میں شامل تمام افسروں  کی کارکردگی کی رپورٹ طلب کرلی،سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن افضل خان  کے خلاف بھی انکوائری کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی الیکشن کمیشن شیر افگن کو انتخابی عمل سے دور کردیا گیا، انتخابی عمل سے متعلق تمام امور نئے ایڈیشنل سیکرٹری فدا محمد کے سپرد کردیئے گئے ہیں ، الیکشن کمیشن میں بڑے پیمانہ پر اکھاڑ پچھاڑ کا منصوبہ بھی تیا ر کرلیاگیا ہے، سٹاف کی ری شفلنگ کرکے الیکشن کمیشن میں اصلاح کی جائیگی،ذرائع کا کہنا ہے کہ  سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے حکام پر واضح کردیا ہے کہ صرف کام کرنے والے آفیسر ہی الیکشن کمیشن میں رہیں گے،،  جوڈیشل انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں کلین چٹ ملنے کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت پر الیکشن کمیشن میں انتظامی بنیادوں پر آپریشن کلین اپ شروع کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے الیکشن کے تمام امورایڈیشنل سیکرٹری شیر افگن سے واپس لے کر نئے ایڈیشنل سیکرٹری فد ا محمد کے سپرد کردئے گئے ہیں اور انہیں ٹریننگ کے امور دیدیئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے 2013کے عام انتخابات میں فرائض سرانجا م دینے والے تمام الیکشن کمیشن کے حکام کی کارکردگی کی رپورٹ بھی طلب کی ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کو شفاف اور دھاندلی سے پاک کرنے کیلئے ان تمام الیکشن کمیشن کے حکام کو سزا دی جائیگی جنہوں نے فرائض کی انجام دہی میں غفلت یا کوتاہی برتی ہوگی۔ ذرائع کا کہناہے کہ الیکشن کمیشن میں آپریشن کلین اپ کے حوالے سٹاف کی بڑے پیمانہ پر اکھا ڑ پچھاڑ کا بھی منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے جس پر عمل درآمد اگست میں شروع ہوجائیگا۔ الیکشن کمشن کے خلاف بیان بازی اور دھرنے میں شرکت کرنیوالے  سابق ایڈیشنل سیکرٹری افضل خان کے خلاف بھی انکوائری کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ۔