Friday, April 19, 2024

الیکشن کمیشن کا این اے 75 ڈسکہ کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر ری پول کا حکم

الیکشن کمیشن کا این اے 75  ڈسکہ  کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر ری پول کا حکم
February 25, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر ری پول کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ میں 18 مارچ کو دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیے کہ صاف ، شفاف اور منصفانہ انتخاب نہیں ہوا، ووٹر کو بہتر ماحول نہیں ملا۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تفصیلی فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے جو بھی ہمارے پاس قانونی آپشن ہیں ان کو دیکھیں گے۔ ہم حکومتی ذرائع کو استعمال نہیں کریں گے۔ ہمارے لیے زیادہ اہم ہے ادارے مکمل طور پر آزاد ہوں۔ ہم اداروں کے فیصلوں کو مانتے ہیں، عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ کے عمل کو مکمل کریں گے۔

 ادھر محمد زبیر کا کہنا تھا ابھی الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنایا ہے۔ این اے 75 میں دوبارہ انتخاب کا حکم دیا گیا ہے۔ سچ اور جھوٹ میں فرق سب کے سامنے آگیا۔ یہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے شکر گزار ہیں ، وہ فیصلہ کیا ہے جو پاکستان کی تاریخ میں لکھا جائے گا۔

ادھر نوشین افتخار بولیں الیکشن کمیشن کی شکر گزار ہوں،یہ تاریخی فیصلہ ہے، آج این اے 75 کے عوام کو ان کا آئینی اور جمہوری حق ملا۔ آئندہ بھی ووٹ چوروں کا مقابلہ کروں گی۔

این اے 75 ڈسکہ سے متعلق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا تھا جس میں لیگی امیدوار نوشین افتخار نے تحریری جواب جمع کرا دیا تھا ۔ نوشین افتخار نے سازش میں ملوث افسران کو سرکاری عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ وکیل نے دلائل دیئے تھے کہ پنجاب حکومت اور آئی جی نے جان بوجھ کر سازش کی۔ الیکشن کمیشن نے ذوالفقار ورک کو ہٹانے کا حکم دیا تو پنجاب حکومت نے ذولفقار ورک کے پورے نام ذولفقار علی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔ یہ ریاستی اتھارٹی کا کیس ہے جس نے حلقہ میں فراڈ کیا۔